انکولہ، 5فروری (ایس او نیوز)نیشنل ہائی وے 63پراڈلورکے قریب ایک پرائیویٹ بس اور کے ایس آر ٹی سی بس کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 31مسافروں کے زخمی ہونے کی اطلاع ملی ہے۔
کہتے ہیں کہ اتھنی ڈپو کی سرکاری بس گوکرن سے اتھنی کی طرف جارہی تھی، جب اس کی ٹکر راجکمار ٹراویلس کی ایک بس کے ساتھ ہوگئی۔اس حادثے کے لئے سرکاری بس ڈرائیور کی بے پروا ڈرائیونگ اصل وجہ بتائی جارہی ہے۔رپورٹ کے مطابق سرکاربس میں زیادہ تر اساتذہ موجود تھے۔جو اپنے معمول کے مطابق اس بس میں مختلف اسکولوں میں اپنی ذمہ داری ادا کرنے کے لئے جارہے تھے۔لیکن بہت ہی تیز رفتاری سے اوور ٹیک کرنے کی کوشش میں سرکاری بس سامنے سے آنے والی نجی بس سے ٹکرا گئی۔جس کے وجہ سے سرکاری بس کے زیادہ تر مسافر زخمی ہوگئے۔ان میں سے کچھ کو تعلقہ اسپتال میں علاج کے بعد گھر بھیج دیا گیا اور کچھ لوگ پرائیویٹ اسپتال میں داخل کیے گئے ہیں۔بہت ہی زیادہ زخمی ہونے والے دو مسافرو ں کو مزید علاج کے لئے منی پال بھیج دیا گیا ہے۔تعلقہ میجسٹریٹ ویویک شینی ، سرکل انسپکٹر بسپّا بورلی، پی ایس آئی گلاد اوم کارپّا وغیرہ نے جائے حادثہ پر پہنچ کر معائنہ کیا۔پولیس نے معاملہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے۔زخمیوں کو ابتدائی امداد کے طور پر کے ایس آر ٹی سی ڈپو منیجر سریش ایس نائک نے 29ہزار روپے ادا کیے۔